کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیرجماعت اسلامی بلوچستان،قائد حق دو تحریک بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر حاجی ہوت سیف اللہ، ثناء اللہ عثمان،وسیم صمد، ساجد امیتان اور دیگر کارکنان کے ہمراہ گوادر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔دورے میں ملافاضل چوک، لیڈیز بازار، شاہین چوک اور گرد و نواح کے علاقے شامل تھے۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال، نکاسی آب کے نظام اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا موقع پر جا کر تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر جمع ہونے والے بارشی پانی،برساتی نالے اور عوام کو درپیش مسائل کا خود مشاہدہ کیااور متعلقہ حکام کو فوری بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ایم پی اے گوادرمولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور بارشوں کے بعد نکاسی آب اور صفائی کے مؤثر انتظامات نہایت ضروری ہیں تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے گوادرمیونسپل کارپوریشن کی ٹیم کو ہدایت کی کہ صفائی اور نکاسی آب کے کاموں میں مزید تیزی اور بہتری لائی جائے۔بعدازاں امیرجماعت اسلامی، قائد حق دو تحریک بلوچستان و ایم پی اے مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے ایکسیئن کیسکو حسین بخش سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں گوادر میں بجلی کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے،آنے والے گرمیوں کے موسم سے قبل کم از کم لوڈشیڈنگ یقینی بنانے اور فالٹس میں کمی کے لیے پیشگی تیاریوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر بلنگ سے متعلق شکایات بھی زیرِ بحث آئیں۔کیسکو حکام نے آگاہ کیا کہ بعض علاقوں میں عوام کی جانب سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں سستی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ اس پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کریں گے تاکہ بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔تاہم مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ اوور بلنگ کے ذریعے عوام پر کسی قسم کا ظلم نہ کیا جائے اور بلنگ کے نظام کو شفاف بنایا جائے، تاکہ صارفین کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعاون سے گوادر میں بجلی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

