کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سابق صوبائی امیر مولانا سائیں فیض محمد سمانی، مولانا مفتی محمد روزی خان، مفتی محمد احمد، شیخ مولانا احمد جان اور دیگر علمائے کرام نے مدرسہ ادار القرآن والعلوم الاسلامیہ محمدی مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ? دستاربندی و ختمِ بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس پاکستان کی اسلامی روح ہیں، حکمران امریکی آشیر باد کے حصول کے لیے اس روح کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ علماء ِ حق کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے جہالت کی تاریکیوں میں بھٹک رہے ہیں ان کی آنکھوں پر تعصب اور نفرت کی پٹیاں بندھی ہوئی ہیں۔ دینی مدارس اور علمائے کرام صدیوں سے شمعِ حق فروزاں رکھنے کے لیے شب و روز جدوجہد میں مصروف ہیں جنکی بے لوث خدمات، علمی قربانیاں اور دینی فداکاریاں روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں۔ انہی قربانیوں سے خوفزدہ ہو کر مغرب نواز اور اسلام دشمن عناصر منفی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں مگر ان کی یہ مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، حاجی صالح محمد، حافظ مسعود احمد، عبدالصمد حقیار، صفی اللہ مینگل، محمد عارف شمشیر، شاہ زاہد مشوانی، مفتی عبدالسلام سمیت مدرسے کے اساتذہ، طلبہ، معززینِ علاقہ اور کثیر تعداد میں عوام الناس بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس قرآن و سنت کے حقیقی محافظ ہیں جہاں سے نہ صرف علم و عمل کی روشنی پھیلتی ہے بلکہ معاشرے کو امن، برداشت اور اخلاقیات کا درس بھی دیا جاتا ہے۔ مدارس کے خلاف سازشیں دراصل اسلام کے روشن تشخص کو مسخ کرنے کی ناکام کوششیں ہیں۔ مقررین نے آخر میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، دینی شعور کی بیداری اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
دینی مدارس پاکستان کی اسلامی روح ہیں، حکمران امریکی آشیر باد کے حصول کے لیے اس روح کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں، مولانا عبدالرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبدالرحمن رفیق
