مستونگ (ڈیلی گرین گوادر)ممتاز قبائلی و سیاسی رہنما سردارذادہ میر یحییٰ بختیار رستم زئی نے اپنے ایک سخت مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مستونگ میں زمینداروں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے بعد واپڈا نے اپنی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کا سارا بوجھ مستونگ کے غریب گھریلو صارفین پر ڈال دیا ہے، جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ شہر کے گھریلو صارفین کو بلاجواز دس سے بارہ ہزار روپے کے بھاری بجلی بل ارسال کرکے عوام کو ذہنی اذیت اور شدید معاشی مشکلات سے دوچار کیا جا رہا ہے۔۔ جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ یہ اقدام عوام دشمنی کے مترادف ہے اور واپڈا کی جانب سے کھلی لوٹ مار ہے۔سردارذادہ میر یحییٰ بختیار رستم زئی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ مستونگ کے منتخب نمائندے بھی اس ظلم پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جو عوام کے ساتھ غداری کے برابر ہے۔ عوام نے جن نمائندوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے منتخب کیا، ان کی خاموشی لمحۂ فکریہ ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر واپڈا نے فوری طور پر اضافی اور ناجائز بل واپس نہ لیے اور گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو مستونگ کے عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری واپڈا اور خاموش تماشائی بننے والے منتخب نمائندوں پر عائد ہوگی آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی و صوبائی حکومت فوری نوٹس لے، واپڈا کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرے اور مستونگ کے مظلوم عوام کو اس ظالمانہ نظام سے نجات دلائے۔
واپڈا کا ظلم ناقابل برداشت، گھریلو صارفین پر ناجائز بوجھ مستونگ کے عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے، سردارذادہ میر یحییٰ بختیار رستم زئی

