کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے 16 دسمبر بلیک ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا دلخراش واقعہ ہے جس نے پوری قوم کو غم و رنج میں مبتلا کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اس المناک سانحے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی بے دردی سے شہادت نے ہر دل کو اشکبار اور ہر گھر کو سوگوار کر دیا۔ یہ قربانیاں صرف ایک اسکول پر حملے تک محدود نہیں بلکہ یہ قوم کے روشن مستقبل، علم اور انسانیت پر دہشت گردوں کے حملے کی بدترین مثال ہیں۔حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد قوم نے جس حوصلے، اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس المناک واقعے سے سبق لیتے ہوئے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھنی ہوگی تاکہ ملک میں امن قائم ہو اور نئی نسل محفوظ مستقبل کی طرف بڑھ سکے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سانحہ کے شہدا کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے اور نئی نسل کو ان قربانیوں سے آگاہ کیا جائے تاکہ ملک میں بھائی چارہ، قومی اتحاد اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔حاجی ولی محمد نورزئی نے دعا کی کہ اللہ تعالی سانحہ آرمی پبلک اسکول کے تمام شہدا کو اعلی مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب ہو اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا دلخراش واقعہ ہے، ولی محمد نورزئی

ٹیگز:
ولی محمد نورزئی
