تربت(ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کمشنر مکران اور دیگر حکام کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈویڑنل ڈائریکٹر محکمہ تعلیم عبدالغفور دشتی، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ بہرام گچکی، پروجیکٹ انجینئر تربت ڈویلپمنٹ پروجیکٹ قاسم گچکی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اسکول پہنچنے پر پرنسپل اکبر اسماعیل، اساتذہ اور طلبہ نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور دیگر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ پرنسپل اکبر اسماعیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت ضلع کیچ کا سب سے قدیم تعلیمی ادارہ ہے، جس کی بنیاد 1945 کے قریب رکھی گئی جبکہ موجودہ عمارت 1954 سے قائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت اسکول میں تقریباً 1507 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں جبکہ تدریسی عملے کی تعداد 54 ہے۔پرنسپل نے اسکول میں پارکنگ شیڈ کی تعمیر، بجلی کے نظام کی بہتری کے لیے ٹرانسفارمر کی فراہمی اور طلبہ کے لیے واٹر ڈسپنسر کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اسکول کی لیبارٹری، امتحان ہال، کمپیوٹر لیب اور زیرِ تعمیر فٹ سال گراؤنڈ کا بھی معائنہ کیا۔بعد ازاں انہوں نے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ بہرام گچکی سے اسکول کے کلاس رومز اور واش رومز کی مرمت اور پانی کی فراہمی کے لیے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسکول میں قائم ڈسپنسری کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود عملے سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت نے ضلع کیچ میں تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ آئندہ بھی تعلیمی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے پرنسپل اور اسکول انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ اسکول کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وہ ذاتی طور پر کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ ضلع کیچ سمیت پورے بلوچستان میں تعلیمی شعبہ مزید ترقی کر سکے۔
گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت نے ضلع کیچ میں تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

ٹیگز:
ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ
