گوادر (ڈیلی گرین گوادر)پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ (PCT&VI) میں بلوچی ادب کے عظیم شاعر، محقق، دانشور اور بلوچی لغت کے خالق سید ظہور شاہ ہاشمی کے مجسمے کی شاندار نقاب کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر علمی، ادبی اور سماجی شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔مجسمہ عالمی شہرت یافتہ فنکار حسن یادگارزادے کی فنی مہارت کا بہترین مظہر قرار پایا۔ تقریب میں چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ، میر کاروان کے سربراہ میر ارشد کلمتی، رجسٹرار گوادر یونیورسٹی ڈاکٹر دولت خان، بلوچ ادیب اور کنٹرولر امتحانات گوادر یونیورسٹی ڈاکٹر رحیم مہر نے بھی شرکت کی اور سید ہاشمی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔مقررین نے کہا کہ یہ مجسمہ بلوچ زبان و ادب کی تاریخ میں ایک اہم اضافہ ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے ثقافتی ورثے کی علامت رہے گا۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ دنیا اپنے ہیروز کو مجسموں کی صورت میں امر کرتی ہے اور گوادر بھی اسی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ PCT&VI کی تعلیمی و فنی سرگرمیاں نوجوانوں کے لیے عالمی سطح کے فنون سے سیکھنے کا بہترین پلیٹ فارم ہیں۔میر کاروان کے سربراہ میر ارشد کلمتی نے کہا کہ عالمی فنکاروں کی گوادر آمد علاقے کی ثقافتی شناخت کو نئی طاقت دے رہی ہے اور حسن یادگارزادے جلد سید ہاشمی کے بڑے مجسمے کو بھی اس کی اصل حالت میں بحال کریں گے۔ بلوچ ادیب ڈاکٹر رحیم مہر نے کہا کہ PCT&VI میں سید ہاشمی کے مجسمے کی تنصیب ایک تاریخی سنگِ میل ہے اور اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد کا خصوصی تعاون بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔تقریب کے اختتام پر رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان نے مہمانِ خصوصی، عالمی فنکار اور دیگر معزز شرکا کو اعزازی شیلڈز پیش کیں جبکہ پروگرام کی نظامت لیکچرار فاروق حیدر نے پروقار انداز میں کی۔
گوادر میں سید ظہور شاہ ہاشمی کے مجسمے کی نقاب کشائی، عالمی شہرت یافتہ مجسمہ ساز حسن یادگارزادے نے فن پارہ تخلیق کیا

ٹیگز:
گوادر
