کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد انضباط کار کا اہم اجلاس چیئرمین میر اسد اللہ بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں اسمبلی امور سے متعلق اہم ترامیم اور بقایا نکات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبدالخالق خان اچکزئی، میر یونس عزیز زہری، خیر جان بلوچ، اصغر علی ترین، شاہدہ رؤف، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری عبدالرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری لا سعید اقبال نے شرکت کی۔چیئرمین میر اسد اللہ بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قواعد انضباط کار میں بہتری لانا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ مضبوط اور واضح قواعد کے ذریعے اسمبلی کے امور مزید موثر، منظم اور بہتر انداز میں چلائے جا سکتے ہیں۔اجلاس میں کمیٹی نے قواعد انضباط کار کے مختلف پہلوں کا تفصیلی جائزہ لیا، جبکہ اراکین نے مجوزہ ترامیم پر اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے دوران پچھلی میٹنگ میں زیرِ بحث رہ جانے والے تمام نکات کو مکمل طور پر زیرِ غور لایا گیا اور بقایا پوائنٹس کو حتمی شکل دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی ممبران نے اپنی سفارشات مرتب کرکے کمیٹی کے سامنے پیش کیں، جنہیں اب اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد قواعد انضباط کار میں اہم اصلاحات متوقع ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد انضباط کار کا اہم اجلاس، قواعد میں مجوزہ ترامیم حتمی مرحلے میں داخل

ٹیگز:
بلوچستان
