کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کوئٹہ میں انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت اجلاس میں انسدادی مہم کے انتظامی و فیلڈ امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈپٹی ڈی ایچ او، ڈی ایس ایم اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ خسرہ و روبیلا سے بچاؤ بچوں کی صحت کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو بروقت ویکسینیشن ضرور کروائیں۔اس موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسداد خسرہ و روبیلا کی قومی مہم 17 نومبر سے شروع ہوگی جو کہ 29نومبر تک جاری رہے گی اس مہم کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے 8 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ضلع بھر میں فکسڈ سائٹس، آؤٹ ریچ ٹیمز اور موبائل یونٹس تعینات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ٹیموں کو گھر گھر جا کر زیادہ سے زیادہ بچوں تک پہنچنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاؤہ علمائے کرام نے والدین سے اپیل کی کہ ویکسینیشن میں بھرپور تعاون کریں۔جبکہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کا موثر نظام قائم کیا گیا ہے۔تمام محکموں کو ہدف کے 100 فیصد حصول کے لیے مکمل معاونت کی ہدایت جاری کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے۔خسرہ اور روبیلہ کی قومی مہم کے دوران ضلع کے تمام بچوں تک حفاظتی ٹیکے اور دیگر متعدی امراض سے بچاؤ کے خصوصی ٹیکوں کا انتظام کیا جائے تاکہ کوئی بھی ایک بچہ خسرے کی بیماری کا شکار نہ ہو۔
انسداد خسرہ و روبیلا کی قومی مہم 17 نومبر سے شروع ہوگی جو کہ 29نومبر تک جاری رہے گی ٗ مہراللہ بادینی

ٹیگز:
مہراللہ بادینی
