کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے وائس چیئرمین انجینئر میر مجیب الرحمن مری نے ایک اہم اجلاس میں کہا کہ بلوچستان کے انجینئرز صوبے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، لیکن ان کے ساتھ مالی و انتظامی سطح پر امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کے انجینئرز کو ٹکنیکل الاؤنس دیا جا چکا ہے جبکہ بلوچستان کے انجینئرز اس سہولت سے تاحال محروم ہیں۔انہوں نے حکومت بلوچستان اور چیف سیکریٹری انجینئر شکیل قادر سے مطالبہ کیا۔کہ جیسے آپ نے خیبر پختونخواہ صوبے کے تمام محکموں میں کام کرنے والے انجینئرز کو فوری طور پر ٹکنیکل الاؤنس فراہم کیا جائے تاکہ محرومی کا ازالہ ہو اور کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔انجینئر میر مجیب الرحمن مری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انجینئرز انتھک محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے انجینئرز نہ صرف مشکل جغرافیائی اور سیکیورٹی حالات میں کام کر رہے ہیں بلکہ وہ توانائی، معدنیات، سڑکوں، پانی، بجلی اور گیس کے بنیادی منصوبوں کی کامیابی کے ضامن ہیں۔
انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے بے روزگار انجینئرز کے لیے گوادر پورٹ، ریکوڈک، سیندک، کیسکو (QESCO)، ایس ایس جی سی (SSGC)، نیا پاکستان ڈیمز پروگرام، کچھی کینال اوچ پاور سڑکوں، ڈیموں اور واٹر سپلائی اسکیموں سمیت تمام جاری و آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔بلوچستان معدنی دولت سے مالا مال ھے اس دولت سے صوبے کے ینگ انجینئرز کو مستفید ہونا چاھیئےانہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مقامی انجینئرز کو ان منصوبوں میں شامل کرنے سے نہ صرف صوبے کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ شفافیت، معیار اور پائیداری بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) بلوچستان کے انجینئرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی اور حکومت کو اس سلسلے میں باضابطہ سفارشات پیش کرے گی۔“بلوچستان کے انجینئرز کو ان کا جائز حق دینا کسی احسان کے مترادف نہیں بلکہ یہ آئینی اور قانونی تقاضا ہے۔انجینئرز کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کی ترقی و استحکام کی ضمانت ہے۔
بلوچستان کے انجینئرز کو دیگر صوبوں کے انجینئرز کی طرح ٹکنیکل الاؤنس دیا جائے ` انجینئر میر مجیب الرحمن مری

ٹیگز:
مجیب الرحمن مری
