کوہلو(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے لاسے زئی میں گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں بھاگیا عثمان مری اور اس کے دو بیٹے خان محمد اور محمد ولی شامل ہیں۔ لاشوں کو ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال کوہلو منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال بھی موقع پر موجود رہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر کوہلو کبیر مزاری اور رسالدار میجر شیر محمد مری اسپتال پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ لیویز حکام کے مطابق فائرنگ اس وقت کی گئی جب مقتولین اپنے گھر میں سوئے ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر کوہلو کے احکامات پر تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
کوہلو ٗ مسلح افراد کی فائرنگ، باپ اور دو بیٹے جاں بحق

ٹیگز:
کوہلو
