کوئٹہ:صوبائی محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل آج یکم ستمبر بروز پیر 2025 سے باضابطہ طور پر شروع ہو رہا ہے، جس کے لیے تمام انتظامی اور سیکیورٹی امور کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پولیس، ایف آئی اے، حساس ادارے، اسپیشل برانچ، ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز سمیت متعلقہ ادارے مہاجرین کی نشاندہی، گرفتاری اور بے دخلی کے عمل میں شریک ہوں گے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف غیر قانونی مہاجرین ہی نہیں بلکہ کارڈ ہولڈر افغان باشندوں کو بھی گرفتار کر کے پاکستان سے بے دخل کیا جائے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق مہاجرین کو گرفتاری کے بعد بلوچستان کے سرحدی ضلع چمن کے بارڈر کے ذریعے افغانستان واپس بھیجا جائے گا، جس کے لیے سرحدی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی مقیم افراد کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ کارروائی کو مزید مثر بنایا جا سکے۔
بلوچستان میں افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل آج سے باضابطہ شروع

