کوئٹہ:بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 16روز بعد موبائل فون انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی نے موبائل فون انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کی، جس میں متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔حکام نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم نامے کے بعد کوئٹہ شہر میں موبائل فون انٹرنیٹ ڈیٹا سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے، تاہم صوبے کے دیگر اضلاع اب بھی موبائل انٹرنیٹ سروس سے محروم ہیں۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کوئٹہ میں موبائل فون انٹرنیٹ ڈیٹا سروس 2 گھنٹے میں مکمل بحال کی جائے اور دیگر اضلاع میں بھی جلد از جلد بحالی ممکن بنائی جائے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 25 اگست تک موبائل انٹرنیٹ کے مکمل بحالی اور پبلک ٹرانسپورٹ پر عائد پابندیوں کو ختم کیا جائے، بصورت دیگر عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنے میں تاخیر نہ کریں۔یہ درخواست چئیرمین کنزیومر سوسائٹی خیر محمد کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں شہریوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالتی کارروائی کے بعد کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ بحالی عمل میں آئی ہے، تاہم باقی اضلاع کی صورتحال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پرصوبے میں موبائل، انٹرنیٹ سروس کی بحالی شروع

