کوئٹہ:ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، حکومت بلوچستان امن قائم رکھنے اور صوبے کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے حالیہ ایک اہم گرفتاری کے بعد تحقیقات کے دائرے کو وسیع کردیا گیا ہے،کچھ ٹارگٹ کلرز کے حوالے سے ایک خفیہ اطلاع ملی تھی جس کی بنیاد پر ایک سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ترجمان کے مطابق ایک کارروائی کے دوران ضمیر ایڈووکیٹ بھی دیگر مشتبہ افراد کے ہمراہ تحویل میں آئے تاہم ابتدائی تحقیقات کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔شاہد رند نے کہا کہ پہلے ہی واضح کیا جاچکا ہے کہ سکیورٹی فورسز ’’گرے ایریاز‘‘ میں آپریشنز کررہی ہیں جہاں دوست اور دشمن میں فرق کرنا ایک مشکل عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار قیام امن کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں عوام کا تعاون ناگزیر ہے ۔ترجمان صوبائی حکومت نے واضح کیا کہ کسی بے قصور کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی البتہ پوچھ گچھ اور تحقیقات قانونی عمل کا حصہ ہیں۔
فورسز گرے ایریاز میں آپریٹ کررہی ہیں، دوست، دشمن کی پہچان مشکل ہے، شاہد رند

