قلات:یونین کونسل پندران میں شدید طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی بارش کے بعد آنے والے سیلابی ریلے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، متعدد رہائشی مکانات اور گورنمنٹ بوائز و گرلز اسکولوں کو شدید نقصان پہنچا۔قلات سے پندران نیچارہ، لہڑ اور امیری کھڈی کو جانے والا واحد راستہ جرگی کے مقام پر سیلابی ریلے کی زد میں آکر بری طرح متاثر ہوا، جس سے مسافر گاڑیوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔پندرانی قبیلے کے سردار عزت خان پندرانی نے صحافیوں کو بتایا کہ سوموار کے روز ہونے والی شدید بارش نے علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر قلات اور دیگر ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ رابطہ سڑک کی گریڈر کے ذریعے فوری بحالی کی جائے، علاقے میں نقصانات کا سروے کیا جائے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
قلات،پندران میں طوفانی بارش، گھروں اور اسکولوں کو شدید نقصان

