کوئٹہ:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے پارلیمنٹ سے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی منظوری کو جمہوریت، آئین اور عوامی آزادیوں پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دراصل قائداعظم کے نظریات سے انحراف اور جمہوری اقدار کی توہین ہے۔انہوں نے اپنے سخت ردعمل میں کہا کہ منظور کیا گیا قانون بدترین کالا قانون ہے جسے بجا طور پر رولٹ ایکٹ کا دوسرا نام دیا جاسکتا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اسی کالے قانون کے خلاف انگریز اسمبلی کے فلور پر بھرپور مخالفت کرتے ہوئے استعفی دیا تھا۔ حافظ حمداللہ نے سوال اٹھایا کہ جو حکومتی پارٹیاں اور ان کے سہولت کار آج یہ قانون منظور کر رہے ہیں، وہ 25 دسمبر کو کس منہ سے قائداعظم کا یوم ولادت منائیں گے؟جے یو آئی رہنما نے کہا کہ یہ قانون نہ صرف آئین کی روح اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے بلکہ انسانی آزادیوں پر بھی کاری ضرب ہے۔ جمعیت علمائے اسلام ایسے سیاہ قانون کو یکسر مسترد کرتی ہے اور اس کے خلاف بھرپور سیاسی و عوامی جدوجہد کرے گی۔
انسداد دہشت گردی ایکٹ کی منظوری جمہوریت و آئین پر کاری ضرب ہے،حافظ حمداللہ

