چاغی:چاغی اور ایران کے درمیان واقع رہوتک بارڈر گیٹ کو2 اگست بروزہفتے کے روز باقاعدہ طور پر کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی حکام نے گیٹ کھولنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جسے سینیٹ کے سابق چیئرمین صادق سنجرانی اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر کی حالیہ ملاقات کے بعد ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔رہوتک گیٹ کی طویل بندش کے باعث چاغی اور گرد و نواح کے مکین شدید معاشی مشکلات کا شکار تھے، مقامی تاجر اور مزدور طبقہ بے روزگاری اور بدترین معاشی دباو کا سامنا کر رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گیٹ کی بحالی نہ صرف سرحدی تجارت کو نئی زندگی دے گی بلکہ عوامی روابط اور دوطرفہ معیشت کو بھی بھرپور سہارا فراہم کرے گی۔علاقہ مکینوں نے اس فیصلے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اعتماد کی بحالی اور عوامی مطالبے کی کامیابی قرار دیا ہے۔ چاغی میں مقامی سطح پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں کو امید ہے کہ رہوتک گیٹ کی بحالی سے خطے میں ترقی، روزگار اور استحکام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
صادق سنجرانی اور ایرانی سفیر کی ملاقات ،رہوتک بارڈر گیٹ کھولنے کا اعلان

