کوئٹہ(یو این اے )ملک بھر سے بلوچستان کے راستے ایران و عراق زیارات پر جانے والے زائرین کوئٹہ میں پھنس گئے۔ کوئٹہ کے علاقے شہدا چوک پر زائرین نے حکومت کی جانب سے براستہ روڈ زیارات پر پابندی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرے میں شریک مظاہرین نے کہا کہ براستہ روڈ زیارتوں پر پابندی دراصل حکومت کی طرف سے اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ زائرین کو محفوظ سفری راستے فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں کا غیر محفوظ ہونا حکومت کی کمزوری اور مجرمانہ غفلت کو ظاہر کرتا ہے۔مظاہرین نے اربعین کی آمد کے پیش نظر زائرین کو براستہ روڈ ایران و عراق جانے کی اجازت دینے اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی سفر عام اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہے، اس لیے قافلوں کی زمینی راستے سے روانگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ زائرین با آسانی زیارات کے سفر پر روانہ ہو سکیں۔
ملک بھر سے آئے زائرین کوئٹہ میں پھنس گئے، براستہ روڈ زیارات پر پابندی کے خلاف احتجاج

