اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) مرحوم تاجی کھوکھر کے صاحبزادے فرخ کھوکھر نے باقاعدہ طور پر جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کر لی، ان کے خاندان کے بیشتر افراد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے وابستہ ہیں۔اس حوالے سے ایک تقریب ’ڈیرہ تاجی کھوکھر‘ (پرانے اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب) میں منعقد ہوئی، جس میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے شرکت کی اور فرخ کھوکھر کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ فرخ کھوکھر کی شمولیت سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں جے یو آئی کی موجودگی کو مزید تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی کی جڑوں کو جڑواں شہروں میں مزید مضبوط کرے گا، ہم فرخ کھوکھر کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ اس سے ہماری تحریک کو مزید رفتار ملے گی۔مولانا فضل الرحمٰن نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت پاکستان کو ایک اسلامی جمہوری ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی، جے یو آئی (ف) نے ہمیشہ ملک کے آئین کو حقیقی معنوں میں اسلامی بنانے کی کوشش کی، اور ہر فورم پر مذہبی اقدار کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ملک میں کچھ عناصر پاکستان کی اسلامی شناخت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے کیونکہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم نظریاتی بنیادوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
تاجی کھوکھر کے صاحبزادے فرخ کھوکھر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کر لی

ٹیگز:
تاجی کھوکھر
