کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان حکومت نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ سیلفیاں یاویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ انسداد دہشت گردی :سی ٹی ڈی :زرائع کے مطابق حالیہ مہینوں میں بعض بلوچ شدت پسند گروہ اچانک بڑی تعداد میں چھوٹے شہروں یا شاہراہوں پر نمودار ہوکر مختصر وقت کے لیے علاقہ یا سڑک کا کنٹرول سنبھال لیتے ہیں۔ان واقعات کے دوران دیکھا گیا کہ عام شہری ان شدت پسندوں کے ساتھ سیلفیاں لیتے، ویڈیوز بناتے ، ٹک ٹاک اور فیس بک جیسی سوشل میڈیا ایپس پر اپلوڈ کرتے ہیں۔حکومت نے دہشت گردی کو کسی بھی انداز میں گلوریفائی یا تائید و تعریف کرنے والوں کے خلاف سخت پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے افراد کو نہ صرف معاونِ جرم سمجھا جائے گا بلکہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔دہشت گردوں کی لاشوں، قبروں یا جنازوں پر کالعدم تنظیموں کے جھنڈے لگانے، تصاویر کھینچنے یا انہیں پھیلانے جیسے اقدامات بھی قابلِ تعزیر سمجھے جائیں گے۔محکمہ اطلاعات بلوچستان نے اس سلسلے میں دہشت گردوں کا کسی بھی طرح کا ساتھ عام عوام کے لیے بن سکتا ہے وبال جان کے عنوان سے باقاعدہ اخبارات میں اشتہارات بھی شائع کیے ہیں۔اشتہارات میں عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے دوران بعض شہری، دہشت گردوں کے ہمراہ سیلفی، ویڈیوز اور تصاویر بناتے ہیں یہ عمل نہ صرف غیرذمہ دارانہ بلکہ ایسے افراد تعزیرات پاکستان کے تحت معاون جرم تصور کیے جائیں گے۔اشتہار میں عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کے دوران یا بعدازاں کسی بھی مشتبہ مقام پر موجودگی، ہجوم لگانا یا ویڈیو اور فوٹو بنانا نہ صرف قانونی کارروائی کا موجب بن سکتا ہے بلکہ فورسز کے فوری ردعمل کے دوران ایسے افراد گولی کا نشانہ بن کر اپنی جان بھی گنوا سکتے ہیں سرکاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ اگر رسپانس میکنزم کے دوران کی جانے والی کارروائیوں میں کسی فرد کو جانی یا مالی نقصان ہوتا ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری اسی فرد پر عائد ہوگی عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ یا غیرضروری سرگرمی سے مکمل طور پر گریز کریں۔
دہشت گردوں کے ساتھ سیلفیاں یاویڈیوز بنانے والوں کیخلاف کارروائی ، تصویری تشہیر معاونِ جرم تصور ہوگی، حکومت بلوچستان

