کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواوں اور موسلادھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ متعدد علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی جبکہ شہری و دیہی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔سبی: شہر اور گردونواح میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش شروع ہوئی، جس سے گرمی کی شدت کم ہو گئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ڈیرہ بگٹی: ضلع کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔صحبت پور: جیانی، حمید آباد، درگی، بھنڈ شہر، فرید آباد، آدم پور، سعید محمد کنرانی، چتن پٹی سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جبکہ سم شاخوں اور نہروں میں طغیانی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔بارش اور تیز ہواں کے باعث صحبت پور گرڈ اسٹیشن کی ہائی ٹرانسمیشن لائن کا مین ٹاور اور دیوار گر گئی، جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ کیسکو ذرائع کے مطابق گرڈ اسٹیشن کو نقصان پہنچا ہے۔ڈھاڈر: وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں سیلابی ریلے آ گئے ہیں۔ دریا ناڑی میں 6000 کیوسک اور مشکاف وئیر سے 4850 کیوسک کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ محکمہ ایریگیشن کے مطابق مشینری ہائی الرٹ پر ہے۔اوستہ محمد: شہر میں تیز ہواں کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہوئی، جس سے گرمی کی شدت کم ہو گئی اور ٹھنڈی ہواں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
سبی،ڈھاڈر، اوستہ محمد سمیت متعدد اضلاع میں موسلادھار بارش ،صحبت پور گرڈ اسٹیشن تباہ، ندی نالوں میں طغیانی

