لسبیلہ(یو این اے )بیلہ اور اس کے نواحی علاقوں میں گزشتہ شب ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد شدید طغیانی اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں گوٹھ اسماعیلانی، چرکھہ، کلہڑی، اسحاقانی اور دیگر دیہات کا شہر سے مکمل زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق بارش کے بعد ندی نالوں میں آنے والے ریلوں سے کچے راستے بہہ گئے ہیں جس کے باعث درجنوں دیہات کے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ہیڈکوارٹر اوتھل، لاکھڑا، لیاری اور بیلہ کے دیگر مضافاتی علاقوں میں بھی شدید بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج ہو چکے ہیں۔ عوام پانی، خوراک اور بنیادی سہولیات کی قلت کا شکار ہیں۔ مقامی مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔بیلہ کے نواحی علاقے شلی بھٹ اور جمن بھٹ میں پورالی ندی کا تیز کٹا جاری ہے، جہاں کئی مقامات پر زمینیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں اور اب قریبی آبادیوں کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ مقامی لوگ شدید خوف میں مبتلا ہیں اور ممکنہ نقصان سے بچا کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی ہنگامی امدادی کارروائی شروع نہیں ہو سکی، جس پر متاثرین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
بیلہ اور گردونواح میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی، کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع

