کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان حکومت نے محرم الحرام 2025 کے دوران امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ شہر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سخت سیکیورٹی اقدامات اور متعدد پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ محکمہ داخلہ بلوچستان:جوڈیشل سیکشن-II: کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ پابندیاں یکم محرم سے 10 محرم الحرام 2025 تک نافذ العمل رہیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحے کی نمائش و لے جانے، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری (قانون نافذ کرنے والے اداروں و بزرگ شہریوں کے سوا)، نفرت انگیز مواد کی تقسیم و فروخت، دیواروں پر چاکنگ، پوسٹرز، جلوسوں کے راستوں پر مشکوک افراد کے داخلے، چھتوں و کھڑکیوں پر کھڑے ہونے پر مکمل پابندی ہو گی۔محکمہ داخلہ نے ملک بھر سے آنے والے 800 علما، ذاکرین اور اشتعال انگیز مقررین کے کوئٹہ میں داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ جلوسوں و مجالس کے علاوہ پانچ یا زائد افراد کے اجتماعات، اور بغیر اجازت دکانیں، مکانات یا خیمے کرایہ پر دینا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ سڑکوں پر بھکاریوں کی موجودگی پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔یہ حکم ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم) بلوچستان کے دستخط سے جاری کیا گیا، جس کی نقول تمام متعلقہ افسران، ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
محرم الحرام دفعہ 144 نافذ، 800 علما کرام کے داخلے پر پابندی

ٹیگز:
محرم الحرام
