خضدار(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی :عوامی: کے مرکزی صدر و سابق وفاقی وزیر میر اسرار اللہ خان زہری نے خضدار میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور قبائلی نوجوان میر کامران جتک کے دن دیہاڑے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جھالاوان میں قبائلی معتبرین اور سیاسی رہنماں کو سرعام نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس اور سوگ کی فضا ہے۔ میر کامران جتک کو ایک نڈر، بہادر اور عوامی فلاح کے جذبے سے سرشار قبائلی شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔میر اسرار اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص جھالاوان اب قبائلی قیادت کے لیے غیر محفوظ علاقہ بن چکا ہے۔ بڑھتی ہوئی قتل و غارت، چوری، ڈکیتی اور دہشتگردی کے واقعات حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اس کی بے حسی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے میر کامران جتک کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے دہشتگردوں کے خلاف مثر کارروائی نہ کی تو حالات مزید بگڑ جائیں گے۔ عوام کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس سے غفلت ریاستی رٹ کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
کامران جتک کا قتل، حکومت نے موثر کارروائی نہ کی تو حالات مزید بگڑ جائیں گے، میر اسرار زہری

