ڈیرہ مراد جمالی (یو این اے )نصیر آباد کے مرکزی شہر ڈیرہ مراد جمالی میں گزشتہ روز ہونے والی ڈکیتی کی سنگین واردات کے خلاف آج شہر بھر میں مکمل شٹر ڈان ہڑتال کی گئی۔ تاجر اتحاد اور انجمن تاجران کی کال پر تمام کاروباری مراکز بند رہے جبکہ تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق واردات کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے ایک معروف دکان کو نشانہ بنایا، نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس حسب معمول تاخیر سے پہنچی، جس پر شہریوں اور تاجروں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال دن بدن خراب ہو رہی ہے، مگر متعلقہ ادارے صرف بیانات تک محدود ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈکیتی میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور شہر میں گشت و نگرانی کا مثر نظام نافذ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔شٹر ڈان ہڑتال کے باعث شہر میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈیرہ مراد جمالی، ڈکیتی کی واردات کیخلاف تاجر برادری سراپا احتجاج، مکمل شٹر ڈاون

