کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے صوبائی بجٹ ایک متوازن، حقیقت پسندانہ اور عوامی فلاح و بہبود پر مبنی منصوبہ ہوگا، جس میں صوبے کے دستیاب وسائل کو عوامی ضروریات اور ترجیحات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔وزیر اعلی نے یہ بات بدھ کے روز کوئٹہ میں اراکین صوبائی اسمبلی اور مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت، اچھی حکمرانی:گڈ گورننس: اور پائیدار ترقیاتی حکمت عملیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کو درپیش سماجی، معاشی اور ماحولیاتی چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں گورننس کی بہتری، عوامی فلاح، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، روزگار کی فراہمی، اور مربوط ترقیاتی منصوبوں کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے “کلائمیٹ فنڈ” کے قیام کا بھی فیصلہ کیا ہے، تاکہ ماحول دوست اقدامات اور منصوبوں کو مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ، ترقی کے یکساں مواقع اور وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
بلوچستان کا آئندہ بجٹ متوازن، حقیقت پسندانہ اورعوام دوست ہوگا،سرفراز بگٹی

