کراچی (ڈیلی گرین گوادر) کراچی میں دہشتگردی کا ممکنہ منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پاکستان رینجرز (سندھ) اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں نعمت اللہ، نور محمد اور صابر اللہ شامل ہیں، جن سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔ملزمان عسکری تربیت یافتہ، رومان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے وابستہ ہیں، نعمت اللہ 2018 میں فتنہ الخوارج میں شامل ہوا تھا، اور افغانستان سے تربیت حاصل کرکے آیا ہے۔ نعمت اللہ 2 بار دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے، جب کہ نور محمد 2022 سے فتنہ الخوارج اسلام الدین گروپ کا سرگرم رکن ہے، نور محمد کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔دہشت گردوں کو کراچی میں کسی بڑی کارروائی کرنے سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، 3 دہشتگرد گرفتار، دھماکا خیز مواد برآمد

ٹیگز:
کراچی
