سوراب(ڈیلی گرین گوادر)زہری سے لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کے لیے بلوچ یکجہتی کمیٹی جھالاوان ریجن اور متاثرہ خاندانوں کا دھرنا سوراب سی پیک روڈ پر چوتھے روز بھی جاری ہے۔ دھرنے میں 12 مسنگ پرسنز کے اہل خانہ شریک ہیں، جو اپنے پیاروں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے عزیزوں کو بازیاب نہیں کرایا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کو فوری طور پر رہا کر کے ان کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔دھرنے کے باعث کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ زیرہ پوائنٹ سوراب سے چار دنوں سے بند ہے، جس کی وجہ سے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ سڑک کی بندش کے باعث نہ صرف مقامی افراد بلکہ مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ روزمرہ کی نقل و حمل بھی متاثر ہو رہی ہے۔دھرنے کے شرکا نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوششیں تیز کر دی ہیں تاکہ شاہراہ کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔
زہری سے لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کے لیے سوراب سی پیک روڈ پر دھرنا چوتھے روز بھی جاری

ٹیگز:
زہری
