منگچر(ڈیلی گرین گوادر) سیندک پروجیکٹ کے لیے مشینری لے جانے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر منگچر میں بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت ایک شہری زخمی ہوگیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دھماکہ مرکزی شاہراہ پر نادرا دفتر کے سامنے نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا، جب کہ حملہ آوروں نے دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ بھی کی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق، دھماکے کے فورا بعد علاقے میں شدید فائرنگ اور مزید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال مستونگ منتقل کر دیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ زخمیوں میں حوالدار ندیم، نائیک جواد، سپاہی ساجد،سپاہی الرحمان، 16 ونگ قلات اسکاٹس کے لاس نائیک عثمان، سپاہی عامر، سپاہی نوید اور ایک شہری عبد الرحمان شامل ہیں۔حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ فورسز نے مرکزی شاہراہ پر سیکیورٹی سخت کر دی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
منگچرمیں سیندک پروجیکٹ کے کانوائے پر بم دھماکہ،7اہلکاروں سمیت ایک شہری زخمی

ٹیگز:
منگچر
