کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ریاست جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی ترک کرے ڈاکٹر مالک بلوچ کی حکومت کے دوران مذاکرات کا دائرہ لندن تک پھیلایا گیا تھا بلوچ قیادت نے مذاکرات کے دوران مطالبہ کیا تھا کہ جو ڈیتھ اسکواڈ ریاستی سرپرستی میں تشکیل دیے گئے ہیں، انہیں ختم کیا جائے یہ مطالبہ سن کر اس وقت کے کور کمانڈر جنرل ناصر جنجوعہ حیران ہوئے اور کہا کہ ہم تو خوش تھے کہ بلوچ قیادت کو حکومت میں کوئی حصہ درکار نہیں، لیکن ہم 20 سال سے جو کچھ کر رہے ہیں، اسے فوری طور پر ختم نہیں کر سکتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہا کہ ڈاکٹر مالک بلوچ کی حکومت کے دوران مذاکرات کا دائرہ لندن تک پھیلایا گیا تھا، جہاں بلوچ قیادت نے واضح کیا تھا کہ ہمیں حکومت یا اقتدار نہیں چاہیے، نہ ہی وزارتِ اعلی اور گورنرشپ کی خواہش ہے، بلکہ ہم اپنے علاقوں میں امن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچ قیادت نے مذاکرات کے دوران مطالبہ کیا تھا کہ جو ڈیتھ اسکواڈ ریاستی سرپرستی میں تشکیل دیے گئے ہیں، انہیں ختم کیا جائے، کیونکہ یہ عناصر عوام اور معاشرے کے لیے خطرناک بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مطالبہ سن کر اس وقت کے کور کمانڈر جنرل ناصر جنجوعہ حیران ہوئے اور کہا کہ ہم تو خوش تھے کہ بلوچ قیادت کو حکومت میں کوئی حصہ درکار نہیں، لیکن ہم 20 سال سے جو کچھ کر رہے ہیں، اسے فوری طور پر ختم نہیں کر سکتے۔اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ریاست نے اپنی پالیسی کے تحت مختلف جرائم پیشہ گروہوں کو تیار کیا، جو اغوا برائے تاوان، قتل، لوٹ مار اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے۔ ان کے مطابق جب ریاست خود ایسے گروہوں کی سرپرستی کرے گی، تو امن کیسے ممکن ہوگا؟انہوں نے کہا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ریاست کے نام پر ایسے بدنما کرداروں کو فروغ دیا گیا، جو سماج کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ریاست خود ایسے عناصر کو تحفظ فراہم کرے گی، جو لوگوں کو صحیح راستے سے ہٹاکر غلط راہ پر ڈالنے کی کوشش کریں گے، تو معاشرے میں استحکام اور ترقی کیسے ممکن ہوگی؟انہوں نے کہا کہ ریاست کو اپنی حکمت عملی پر فوری نظرِثانی کرنی ہوگی اور ایسے اقدامات سے گریز کرنا ہوگا جو عوام میں بیچینی اور بداعتمادی کو جنم دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرتی ترقی اور استحکام تب ہی ممکن ہے جب ریاست خود مجرمانہ سرگرمیوں سے لاتعلقی اختیار کرے اور عوام کو ایک پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرے۔
ریاست جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی ترک کرے،اصغر خان اچکزئی

ٹیگز:
اصغر خان اچکزئی
