اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ایک ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں عوام، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران شرکاء نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حق میں نعرے بلند کیے اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے والے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس دیرینہ تنازع کے حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ریلی کے موقع پر شہر بھر میں مختلف مقامات، ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی بینرز اور بل بورڈز آویزاں کیے گئے۔ریلی ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ ریلی کا انعقاد منظم اور پرامن طریقے سے کیا جا سکے۔
پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،سیدال خان

ٹیگز:
سیدال خان
