کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پشتو اکیڈمی کے ممبر کی حیثیت سے آپ صرف زبان، ادب اور تاریخ کے رکھوالے نہیں ہیں بلکہ آپ انسانی تجربے کے محافظ بھی ہیں۔ آپ کا قومی فریضہ ہے کہ آپ ہمدردی، رواداری، اختلاف رائے کا احترام اور آفاقی ادبی اقدار کو فروغ دیں. میں آج اکیڈمی کا مقصد اور اکیڈمیشنز کی ذمہ داریوں پر بات کرنے کی بجائے صرف اتنا کہوں گا کہ اکیڈمی کا ممبر بننا محض ایک اعزاز نہیں بلکہ ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے. انہوں نے پشتو اکیڈمی کوئٹہ کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پشتو اکیڈمی سمیت دیگر اکیڈمیوں کی درپیش مالی مشکلات اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائیں گے. یہ بات انہوں نے منگل کے روز پشتو اکیڈمی کوئٹہ خان شہید آڈیٹوریم میں نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. حلف برداری تقریب میں بلوچی، براہوئی اور ہزارگی ادبی اداروں اور اکیڈمیوں کے نمائندوں سمیت صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، نومنتخب چیرمین پروفیسر ڈاکٹر رحمت اللہ نیازی، سابق صوبائی وزراء ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، عبدالرحیم زیارتوال، پروفیسر ڈاکٹر عبدالکریم بریالی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، عبدالقادر آغا اور احمد جان کے علاوہ خواتین و مرد شعراء و ادیبوں کی بڑی تعداد موجود تھی. تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ مادری زبان تخلیق، تنقید اور تحقیق کا ایک معتبر وسیلہ ہے مادری زبان ہر قومی کلچر کے دل کی دھڑکن ہے جو ماں کی لازوال محبت سے قائم ہے. مادری زبانوں میں علم وادب کے ذخیرہ میں اضافے کا ایک اہم راز دنیابھر کی جدید تحقیقات اور تخلیقات کے ترجموں میں پوشیدہ ہے. ترجمہ اور ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ کرنے کیلئے آپ اپنی اکیڈمی کے اندر علیحدہ علیحدہ ٹیمیں تشکیل دے سکتے ہیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ بقاء باہمی کے تحت ضروری ہے کہ ہم آج کے گلوبل ویلیج میں خاص طور پر تمام ہمسایہ اقوام، انکی زبانوں اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں. یہ تجدید عہد کا دن ہے ہم اپنے علمی و ادبی سفر میں انسان دوستی اور ترقی پسندی کے ایک نئے باب کا آغاز کریں. اس یقین کے ساتھ کہ ہمارے الفاظ، آواز اور انداز، ظلم و استحصال سے پاک ایک نئی دنیا کو تشکیل دینے کی طاقت رکھتے ہیں. قبل ازیں پشتون اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری نقیب اللہ احساس نے سپاس نامہ پیش کیا جبکہ پروفیسر عبدالکریم بریالی نے پشتو اکیڈمی کے تاریخی پس منظر اور پیش منظر پر روشنی ڈالی۔
مادری زبان تخلیق، تنقید اور تحقیق کا ایک معتبر وسیلہ ہے،گورنر بلوچستان

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
