کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام شہید آغا خالد شاہ دلسوز کے چہلم پر ایک پروقار تعزیتی ریفرنس کلی جیو میں شہید کی رہائشگاہ میں منعقد کیا گیا، پروگرام کی صدارت شہید کی تصویر سے کرائی گئی جبکہ مہمان خاص مرکزی لیبر سیکریٹری موسی بلوچ اور اعزازی مہمان مرکزی ہیومن رائٹس سیکریٹری احمد نواز بلوچ اور بی ایس او کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری شکور بلوچ تھے۔ اس ریفرنس سے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری، حاجی باسط لہڑی، ملک محی الدین لہڑی، پرنس رزاق بلوچ، میر غلام رسول مینگل، حاجی ابراہیم پرکانی، حاجی وحید لہڑی، میر غفار بنگلزئی، رضا جان شاہیزئی، نعمت مظہر ہزارہ، آغا بیبرک شاہ اور ٹکری شکور بلوچ نے خطاب کیا۔ مقررین نے شہید کی قومی خدمات اور جدوجہد کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید آغا خالد شاہ پارٹی کا قیمتی سرمایہ تھے ان کے والد مرحوم آغا وہاب شاہ دلسوز کا شمار ان سرخیل سیاست دانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اس شہر میں علم و ادب کے فروغ کے لئے لائبریری قائم کیا، وہ سیاسی شعور اور بلوچ قوم کے اندر حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کی روایت کی بنیاد گزاری کرنے والوں میں سے تھے۔ انہوں نے بلوچ قوم کے اندر شناخت، وطن دوستی اور قومی خدمت کا شمع روشن کیا، شہید آغا خالد شاہ کی شہادت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ صدیوں تک پر نہیں ہو سکے گا۔ بلوچستان کے شہدا میں سب سے زیادہ تعداد بی این پی کے شہدا کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی راہشون سردار عطا اللہ مینگل کے سیاسی نظریات کو مشعل راہ بنا کر ہر دور میں ظالم اور جابر طاقتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے، ہم نے قائد بلوچستان سردار اختر جان مینگل کی قیادت پر بھر پور اعتماد کے ساتھ ہر مشکل حالات اور قید و بند کی صعوبتوں کو برداشت کیا مگر ہمارے پائے استقامت میں کبھی لرزش نہیں آئی اور نا کبھی ہم نے نظریاتی اصولوں پر سمجھوتا کیا۔ آج ہمارے شہدا جسمانی طور پر ہم میں موجود نہیں مگر ان کا مشن اور وڑن ہم میں موجود ہے اور ہم ان کی تکمیل کے لئے ہمیشہ سرگرم عمل رہیں گے اور پارٹی کے سیاسی مقاصد اور بلوچ قوم کے حقوق کی دفاع سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس موقع پر ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی چیئرمین جاوید بلوچ، ضلعی کابینہ کے اراکین طاہر شاہوانی ایڈوکیٹ، ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، نسیم جاوید ہزارہ، میر اکرم بنگلزئی، اسد سفیر شاہوانی، آغا عرفان شاہ اور قبائلی عمائدین اور پارٹی کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
شہید آغا خالد شاہ پارٹی کا قیمتی سرمایہ تھے،موسیٰ بلوچ

ٹیگز:
موسیٰ بلوچ
