تہران(ڈیلی گرین گوادر)ایران میں پاکستانی زائرین کو لے جانے والی بس کا ٹرک سے تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے امام حسینؓ کے چہلم کے حوالے سے پاکستانی زائرین اربعین میں شرکت کے لیے ایران کے راستے عراق جا رہے تھے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے کے مطابق ایک بس صوبہ فارس کے شہر نیریز اور صوبہ کرمان کے سرجان کے درمیان مرکزی سڑک پر ایک ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور 48 افراد زخمی ہو گئے۔
یہ نہیں بتایا کہ بس میں کتنے افراد سوار تھے۔ارنا نے فارس ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار کرنل عبدل ہاشم کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ بریکس میں ’تکنیکی خرابی‘ اور ڈرائیور کی ’گاڑی کو کنٹرول کرنے میں ناکامی‘ کی وجہ سے پیش آیا۔

