کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور ملازمین کے ساتھ “فراعنہ مصر” کے غلاموں جیسا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس آفیسر ایسوسی ایشن کے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں شرکاء کی جانب سے کیا گیا -اجلاس سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے آفس میں منعقد کیا گیا جسکی صدارت صدر عبداللہ درانی نے کی. جبکہ جنرل سیکرٹری ناصر خان صاحب نے ایجنڈا پیش کیا اجلاس میں تمام اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی اجلاس میں کہا گیا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ ترقی و خوشحالی کے “مینار و اہرام ” ہمارے خون پسینے سے تعمیر کیے جائیں اور انہیں “حنوط شدہ لاشوں” کا مسکن بنا دیا جائے۔ اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کی اہمیت اور ان کے حق کو سبھی کو تسلیم کرنا ہوگا -اجلاس میں ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے سیکرٹریٹ سے اٹیچڈ ملازمین کے اٹیچمنٹ ختم کیے جانے کے خیر مقدمی بیان کو بھی سراہا گیا -شرکاء اجلاس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے افسران اور ملازمین کو سیکرٹریٹ کے آفیشل /ملازمین جیسی مراعات اگر نہیں دی جاتی تو پھر ان کی واپسی کا فیصلہ خوش آئند ہے- اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایک اور اعلامیہ کے ذریعے اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کے وسائل بھی واپس کروا دیں۔ ہمارے ٹائٹلڈ افسران فیلڈ میں کنونس و دفاتر کے بغیر خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ سیکرٹریٹ کے آن ٹائٹلڈ افسران کو اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کے وسائل پر عیاشی کا حق دیا گیا ہے جو کہ قابل مذمت ہے- اجلاس میں مزید کہا گیا کہ اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاران اگر سیکرٹریٹ کے لیے ناقابل برداشت ہیں تو پھر اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس سے” کوتوالی افسران ” کو بھی واپس سیکرٹریٹ بلا لیا جائے- اجلاس میں گزشتہ روز اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے دائر “غیر مساویانہ سلوک” بارے کیس میں پیشرفت پر بھی اظہار اطمینان کیا گیا- اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان کے ملازمین کے ہر جائز ایشو پر اٹیچ ڈیپارٹمنٹس ایسوسی ایشن ہر قسم کا تعاون اور ساتھ دے گی۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس افیسر ایسوسی ایشن اہم اقدامات اٹھائے گی.
اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور ملازمین کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا ،عبداللہ درانی

ٹیگز:
اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹس
