کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ 9مئی کے حوالے سے مشترکہ مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی، صوبائی وزیرمیر صادق عمرانی کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی 2023 کو سیاسی جماعت کے سربراہ کی گرفتاری کے بعد پر تشدد مظاہرے کیےگئے اور مشتعل افراد نے جناح ہاؤس لاہور سمیت حساس سرکاری و نجی املاک کو نذر آتش کیا۔
قراردار کے متن کے مطابق، عسکری تنصیبات سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا اور منظم سازش کے تحت افواج پاکستان کے خلاف مسلح جتھوں کو اکسایا گیا، جو کام ازلی دشمن نہ کر سکا دہشت گردوں نے کردیا۔
9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان افواج پاکستان پر مکمل اعتماد، یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اظہار کرتا ہے، یہ دن تا قیامت یوم سیاہ کے طور پر شمار کیاجائے گا۔قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ 9 مئی2023کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل لائی جائے اور 9 مئی کے ملزمان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔

