اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)جماعت اسلامی نے اپنے قیام سے لے کر آج تک اقامت دین کی جدوجہد کو اپنی ترجیح اول میں رکھا ہے اور بنیادی اسلامی نظریاتی اصولوں کی ترویج کی کوششیں جاری رکھی ہیں یہ بات سابق سینیٹر ڈاکٹر کوثر فردوس نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی پاکستان آمد پر ان کی اہلیہ کے ساتھ اسلام آباد میں مختلف اہم نوعیت کے اجتماعات اور سیشنز میں جماعت اسلامی کی نمائندگی کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا امت مسلمہ کا اتحاد وقت کا لازمی تقاضا ہے دنیا بھر کے مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ اور ظلم و ستم سے نجات کے لیئے مسلمانوں کا اتفاق و یگانگت اہم ترین ضرورت ہے ۔ انہوں نے مذید کہا کہ اس وقت فلسطین اسرائیلی جارحیت و سفاکیت کا شکار ہے اور مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے انہوں نے فلسطین میں جماعت اسلامی کی امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور ایران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کا دورہ اس اہم وقت میں ایک اچھا اقدام ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر کوثر فردوس کے ساتھ حلقہ خواتین کی دیگر ذمہ داران عائشہ سید،شگفتہ عمر،شاہینہ وقار،نزھت بھٹی،رخسانہ غضنفر،عابدہ فرحین ،نائلہ سید،عظمی عارف بھی موجود تھیں۔


