کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں،60ہزار سے کم آمدن، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ شہریوں کے لئے یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی دی گئی ہے، وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے تحت 19بنیادی اشیاء رعایتی نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں،یوٹیلٹی اسٹور پر آٹے کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر کوئٹہ میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے دفتر اور اسٹور کا معائنہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر میر فائق جمالی، عبدالوہاب اٹل سمیت دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے معاشی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے ایک تاریخی رمضان ریلیف پیکیج دیا ہے جس کے تحت آٹا،گھی، تیل، چینی، دالیں، بیسن، کھجوریں، چاول، چائے کی پتی، دودھ،مشروبات سمیت 19ضروری اشیاء سبسڈی پر دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیکج کو غریب اور کم آمدن والے طبقے کے لئے دیا گیا ہے جس کے تحت آٹا 648روپے فی 10کلو، گھی 365، چینی 109روپے میں فراہم کی جارہی ہے اب تک کوئٹہ میں 50ہزار آٹے کے تھیلے عوام کو فراہم کئے گئے ہیں جبکہ آٹے سے متعلق شکایات پر ہدایت کی ہے کہ معیار کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پیکج کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے مسلسل نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی شکایات ہیں تو وہ ہمیں بتائیں ہم اسکا ازالہ کریں گے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کریں گے۔
وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے تحت 19بنیادی اشیاء رعایتی نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں،شیخ جعفر خان مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر خان مندوخیل
