کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور میڈیا کی آزادی کے لئے کردار ادا کیا ہے،آزاد صحافت آزاد ملکوں اور حقیقی عوامی رائے کی آئینہ دار ہے موجودہ حکومت کے دور میں میڈیا پر قدغن قابل مذمت ہے پیپلز پارٹی میڈیا کی آزادی کی جدوجہد میں صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان سمیت کابینہ کے ارکان کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ملک ذیشان حسین، حیات خان اچکزئی، افضل مغل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے آزاد میڈیا کی داعی رہی ہے پارٹی نے میڈیاکو حقیقی عوامی رائے کا آئینہ تصور کرتے ہوئے تنقید کو مثبت انداز میں نہ صرف سنا ہے بلکہ اپنے دور حکومت میں کارکردگی کی بہتری میں میڈیا کی رائے کو اہمیت دی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا پر غیر اعلانیہ طور پر عائد کی جانے والی پابندیاں قابل مذمت ہیں وفاقی حکومت کی جانب سے صحافیوں کا معاشی قتل، غیر اعلانیہ سنسر شپ سمیت دیگر قدغنیں حکومت کی جانب سے اپنی ابتر کارکردگی کو چھپانے کا حربہ ہیں لیکن میڈیا نے سرنہ جھکاتے ہوئے عوامی مسائل کو جس انداز میں اجاگر کیا ہے اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے ہر شخص کا بنیادی حق ہے جس پر کسی بھی صورت پابندی قابل قبول نہیں ہے پیپلزپارٹی صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب ملک کے فعال ترین پریس کلبز میں سے ہے جس نے بلوچستان کے حقیقی مسائل کو ہمیشہ اجاگر کیا اور توقع ہے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اس موقع پر انہوں نے نو منتخب صدر و جنرل سیکرٹری کو گلددستے بھی پیش کئے
صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سردار سربلند جوگیزئی

ٹیگز:
صحافیوں کے حقوق
