کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں توانائی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے نگران حکومت جاتے جاتے ایک بار پھر بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے گزشتہ دنوں گیس کے نرخوں میں 65 فیصد سے زائد فوری اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ بجلی کے نرخ میں بھی 7 روپے یونٹ کا مزید اضافہ کیا گیا بجلی اور گیس صارفین کے لئے بلوں کی ادائیگی ناممکن ہو چکی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے نرخوں میں ہوش ربا اضافوں کی وجہ سے ملک بھر میں کاروبار اور صنعتیں ٹھپ ہوتی جا رہی ہیں اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تمام انڈسٹری یا تو بند ہو جائے گی یا دوسرے ممالک میں شفٹ ہو جائے گی ہمارے ملک سے صنعت کاروں کی بہت بڑی تعداد بنگلہ دیش میں اپنی اپنی صنعتیں منتقل کر رہے ہیں جو کہ پاکستان کے لئے انتہائی تشویش کی بات ہے سستی بجلی اور گیس کی فراہمی ممکن نہ ہونے کی وجہ سے اگر ملک بھر کی صنعتیں بند ہو گئیں تو پاکستان کا دیوالیہ نکل جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انڈسٹریل سیکٹر میں سستی بجلی اور گیس کی فراہمی سے ہی پیداورا ممکن ہو سکے گی سستی پیداوار ہوگی تو صنعتوں کے مالکان صنعتوں کو جاری رکھیں گے اور کام کرنے والے ماہرین اور ورکرز کی ملازمتیں قائم رہیں گی کام بند ہونے کی صورت میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہو جائیں گے اور یوں ایک نیا بحران پیدا ہو جائے گا جب لوگ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے قابل نہیں رہیں گے تو جرائم کے مرتکب ہوں گے اور یوں ملک میں انتشار اور انارکی پیدا ہو گی۔انہوں کہا کہ نگران حکومت نے بھی گزشتہ حکومت کی طرح توانائی کے بحران پر قابو پانے کی بجائے اس میں ناقابل برداشت حد تک بار بار بھاری اضافے کئے جس کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہو گیا ہے نگرانوں کے دور گیس کے نرخوں میں 300 فیصد اور بجلی کے نرخوں میں 170 فیصد اضافہ ہوا ہے نگران حکومت کے دور میں گیس کے نرخوں میں 6 بار جبکہ بجلی کے نرخ میں 4 بار اضافہ کیا گیا ہے بلوں کی ادائیگی میں بری طرح ناکامی کی وجہ سے لوگوں نے خودکشیاں کرنا شروع کر دی ہیں موجود صورتحال اس وقت انتہائی گھمبیر صورت اختیار کر جائے گی جب نئی حکومت آئی ایم ایف سے نئے قرضے لے کر بجلی اور گیس مزید مہنگی کرے گی لگتا ہے چند ماہ بعد آنے والا نیا بجٹ قوم پر عذاب بن کر نازل ہوگا۔
بجلی اور گیس مزید مہنگی، چند ماہ بعد آنے والا نیا بجٹ قوم پر عذاب بن کر نازل ہوگا،سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
