کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں وزیر ا علیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے صوبے کے بارش زدہ علاقوں میں فوری ریسکیو کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج، ایف سی، پی ڈی ایم، لیویز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ہے، جبکہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ موسمی حالات کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی موثر اقدامات اٹھائے جائیں اتوار کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے گزشتہ روز تربت میں ریسکیو کئے گئے بچوں سمیت نو افراد کی خیر و عافیت سے محفوظ مقام پر منتقلی کے عمل پر آپریشن میں حصہ لینے والے تمام جوانوں کو تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور پی ڈی ایم کی معاونت پر پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان اور آئی جی ایف سی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاک فوج نے حسب روایت مصیبت کی اس گھڑی میں سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ ریسکیو کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیکر عوام کی خدمت کے فلاحی مشن کو جاری رکھا نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ موسمی حالات کے پیش نظر سیلابی ریلوں اور بارشوں کے پانی کی گزرگاہوں کو کلئیر کرکے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے پوری تیاری مکمل رکھی جائے اس ضمن میں صوبائی سطح پر قائم پی ڈی ایم کے کنٹرول روم سے مستقل رابطہ کاری قائم رکھ کر ضروری معلومات اور حالات کی اپ ڈیٹ کے مطابق حکمت عملی مرتب کی جائے۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کاصوبے کے بارش زدہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیوں پر اظہار اطمینان

