ژوب (این این آئی) پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری حلقہ NA-251اورNA-262کوئٹہ Iسے پارٹی کے نامزد امیدوار نواب محمد ایازخان جوگیزئی نے کہا ہے کہ ڈیورنڈ خط پر پشتونوں کے تجارت کو ختم کرکے ان کے معاشی قتل عام کا منصوبہ بنایا گیا ہے، بدترین مہنگائی، بیروزگاری نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ کر رکھی دی ہے اور اب ان سے روزگار کے مواقع بھی چھین لیئے گئے۔ مہنگائی، بیروزگاری بڑھنے اور روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث ہر علاقے میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے،ملک کے بڑے شہروں میں پشتونوں کی زبان، ثقافت کی تضحیک ہورہی ہے، انہیں محنت مزدوری کرنے نہیں دیا جارہا اور نہ ہی ان کے سرومال کو کوئی تحفظ دیا جارہا ہے۔ 8فروری کے انتخابات میں پشتون قوم کے حقیقی نمائندگان ملکی ایوانوں میں پہنچ کر اپنے عوام کی بھرپور ترجمانی کرینگے۔ قوم نے موجود حالات سے نجات کیلئے خود میں تبدیلی لانی ہوگی، جب تک خود حرکت نہیں کرینگے انہی مشکلات سے نجات ناممکن ہے۔ پشتونخوا وطن کے قیمتی قدرتی خزانوں کے مالک ہونے کے باوجود غربت، پسماندگی، مسافرانہ زندگی، اذیت سے پشتون دوچار ہیں جس کی بنیادی وجہ اپنا قومی صوبہ اور وسائل پر حق حاکمیت و حق ملکیت سے محرومی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں ضلع ژوب اور شیرانی کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات، کارنر میٹنگز، اولسی جرگوں، قبائلی عمائدین اور کارکنوں سے بات چیت وشمولیتی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے پشتونخوامیپ کے حلقہ پی بی1پر نامزد امیدوار محمود شیرانی، پی بی2پر نامزد امیدوار جمال خان مندوخیل، پی بی 3کے نامزدامیدوار نوابزادہ حاجی دارا خان جوگیزئی اور پارٹی کے دیگر صوبائی، ضلعی، تحصیل وعلاقائی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مختلف پروگراموں میں قبائلی عمائدین اور لوگوں نے پشتونخوامیپ کے نامزد امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا وطن کے پارہ پارہ ٹکڑوں کو یکجا کرکے اسے پشتونوں کے اپنے وحدت صوبے میں پرونے کیلئے جدوجہد جاری ہے۔پشتون دنیا جہان کے سب سے قیمتی وطن سے مالامال ہونے کے باوجود غربت پسماندگی لاچاری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جس کی بنیادی وجہ پشتونوں کے اپنے وسائل پر اپنے اختیار ات کا نہ ہونا ہے۔ مقررین نے کہا کہ کراچی شہرسمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں پشتونوں کی زبان ثقافت کی تضحیک کی جاتی ہے ان کے کاروبار روزگار کو نہیں چھوڑا جارہا۔ ان بہادر شجاع قوم کی اولاد جنہوں نے ایشیاء کے بڑے خطے پر بادشاہتیں قائم کی تھیں آج کراچی شہر کے کچرہ دانوں میں اپنی روٹی چن رہے ہیں۔ ملک کے بڑے شہروں میں پشتونوں کے بچے بوڑھے دونوں مسافری کی زندگی میں محنت مزدوری کے دن رات گزار رہے ہیں یہاں روزگار کیلئے کوئی ذرائع کارخانے، انڈسٹریز نہیں ہیں۔نوکریوں کیلئے سرکار کی جانب سے کوئی بندوبست نہیں۔پچھلی حکومت کی نا اہلی کرپشن اور اقرباء پروری کی وجہ سے ہم پستی کی طرف چلے گئے۔پشتونوں کے دو ذرائع معاش زراعت اور تجارت کو برباد کرکے رکھ دیا گیااور ڈیورنڈ لائن پر پشتونوں کے تجارت کو ختم کرکے ان کے معاشی قتل عام کا منصوبہ بنایا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتون اب اپنی غم خوار پارٹی کو پہچان چکے ہیں اس لئے جوق درجوق پشتونخوا میپ میں شمولیتیں اختیار کررہے ہیں پارٹی عہدیداران انہیں یونٹوں میں شامل کرکے اپنی تنظیم کو مضبوط کریں پشتونوں کی نجات دھندہ پارٹی پشتونخوا میپ ہے کیونکہ پشتونوں کیلئے خان شہید نے جس سیاست کی بنیاد رکھی وہی دراصل ہماری نجات کا ذریعہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ عوام 8فروری2024 کو انتخابی نشان ”درخت“ پر مہر لگاکر اپنی قومی ذمہ داری نبھائیں تاکہ پشتون قوم کی حقیقی نمائندگی اسمبلیوں میں پہنچ کر عوام کو انکے حقوق پہنچاسکیں۔
انتخابات میں پشتون قوم کے حقیقی نمائندگان ملکی ایوانوں میں پہنچ کر اپنے عوام کی بھرپور ترجمانی کرینگے،نواب ایاز جوگیزئی

ٹیگز:
نواب ایاز جوگیزئی
