جعفر اباد(ڈیلی گرین گوادر) وی آئ پی اور پروٹو کول کلچر عام آدمی کی عزت نفس کی توہین ہے جو صاحب اقتدار اور عوام کے درمیان ایک دیوار کھڑی کر دیتا ہے- خلفاء راشدین نے مساجد کے ننگے فرش پر بیٹھ کر امور مملکت کے اہم فیصلے کیے -جماعت اسلامی اقتدار میں آکر وی آئ پی کلچر اور پروٹو کول سسٹم کا خاتمہ کرے گی ۔اور قائدانہ صلاحیت رکھنے والے عوام دوست لیڈر بلا تفریق عوام کے درمیان رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے بلوچستان کے ضلع جعفر آباد اور ڈیرہ مراد جمالی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا صوبہ قدرتی وسائل ، معدنی ذخائر اور غیور باشندوں سے مالا مال ہے – جس سرزمین کے وسائل کی ملکی معیشت محتاج ہے ،اس لئے مملکت کے مستقبل کادرست فیصلہ کرنے کا حق بھی اسی سرزمین کے باسیوں کو ہے ، اسے اشرافیہ ، جاگیرداروں اور آزمودہ پارٹیوں کے شکنجے سے ووٹ کے ذریعے آزاد کروانا ہے ۔ثمینہ سعید نے کہا کہ ووٹ ایک شہادت اور امانت ہے، چار انچ کی اس پرچی پر وطن عزیز پاکستان کے مستقبل کا انحصار ہے-انہوں نے مزید کہا ہے کہ تینوں بڑی سیاسی پارٹیوں کے نمائندے بارہا یہاں سے الیکشن جیت چکے ہیں ، وڈیرا شاہی و سردار بھی برسر اقتدار رہے لیکن جعفرآباد کی تقدیر نہ بدل سکی ۔اب غیور بہنوں بیٹیوں کو خود اپنے علاقے کی تقدیر بدلنے اور مستقبل سنوارنے کا فیصلہ کرنا ہے – انصاف کے حصول کے لیے ترازو کو آگے لانا ہے تاکہ جعفر آباد کی بیٹیوں کے لیے طالبات کے کالجز ، میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں بن سکیں -سالہا سال سے خدمت خلق کے پراجیکٹس میں مصروف جماعت اسلامی ہی جعفر آباد کے مسائل اور پریشانیوں کا مداوا کر سکتی ہے۔
جماعت اسلامی اقتدار میں آکر وی آئی پی کلچر اور پروٹو کول سسٹم کا خاتمہ کرے گی،ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
