کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماو حلقہ این اے 263سے امیدوارجمال شاہ کاکڑ، حلقہ پی بی سے 43سے امیدوار نسیم الرحمن ملاخیل،خواتین ونگ کی رہنما فاطمہ خان،میربہادرلانگو نے کہا ہے کہمسلم لیگ(ن)جب بھی برسراقتدارآئی ملک میں ترقیاتی کاموں کاجال بچھایا ماضی میں برسراقتدارآنے والی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کو تباہی کی دہانے پرلاکھڑا کیااور ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا لیکن مسلم لیگ(ن)کے صدر و سابق وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے سیاست کو داو پر لگاکر سخت فیصلے کرکے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،عوام8فروری کو مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیا ب بنائیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار نسیم الرحمن ملاخیل کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکارنے ساڑھے تین سال کے دوران عوام کو مہنگائی،بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال کے دوران کوئی کام نہیں کیابلکہ صرف اور صرف اپنے مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا اور کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو یہ اعزازحاصل ہے کہ پارٹی جب بھی برسراقتدارآئی ملک میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے گوادر سی پورٹ، موٹروے، قومی شاہراہوں کی تعمیر مسلم لیگ(ن) کے دور میں ہی شروع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی کی بنیادپرعام انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور عوام کے سامنے ملک کی ترقی و خوشحالی کا منشور پیش کیا ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو ماضی میں سبز باغ دکھاکر ووٹ حاصل کرنے والوں کو عوام 8فروری کو مسترد کردیں اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو ووٹ دیکرکامیاب بنائیں انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) عوام کو مایوس نہیں کریگی۔
عوام 8فروری کو مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیا ب بنائیں، جمال شاہ کاکڑ

ٹیگز:
جمال شاہ کاکڑ
