کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پیپلز وومن ونگ بلوچستان کی درجنوں عہدیدار وں اور کارکنوں نے منگل کو صوبائی سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے سڑک کو دونوں اطراف کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، اس موقع پر پیپلز وومن ونگ بلوچستان کی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر صوبائی قیادت سے بالا بالا فہرست تیار ہوئی ہے تو صوبائی قیادت اصل لسٹ لیٹر پیڈ پر دے تاکہ ہم کورٹ میں چیلنج کرسکیں پیپلز وومن ونگ کی صوبائی قیادت کو فوری طور عہدوں سے برطرف کیا جائے کیونکہ وہ تمام خواتین کے حقوق کی جنگ لڑنے کے بجائے اپنی گروی مفادات کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وومن ونگ کی صوبائی قیادت نے اپنا نام صوبائی اور قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھ کر باقی تمام خواتین پر کمپرومائز کیا ہے وہ اپنی تنظیمی ذمہ داریوں میں بری طرح ناکام ہوئی ہیں، فہرست میں موجود گمنام پیراشوٹر خواتین بیویوں، بیٹیوں اور منظور نظر خواتین کی فہرست کو منسوخ کرکے انکی جگہ میرٹ کی بنیاد پر پارٹی کی حقیقی کارکن خواتین کی نئی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کروائی جائے۔انہوں نے کہاکہ اقلیت کی لسٹ میں بھی ایسے نام شامل کئے گئے جن میں ایم این اے کی مخصوص نشست پر کوئی امیدوار ہی نہیں تھی اور اسی طرح صوبائی نشستوں کی فہرست میں بھی حقدار پارٹی کارکنوں کی بجائے منظور نظر افراد کے نام شامل کئے گئے جن کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اقلیت کی فہرست میں بھی میرٹ پر حق دار پارٹی ساتھیوں کو شامل کیا جائے اگر ہمارے جائز مطالبات کا نوٹس نہیں لیا گیا تو ہم انتہائی سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے، اس موقع پر صوبائی عہدیداروں حاجی قاسم اچکزئی، حاجی ربانی خلجی، در محمد ہزارہ، اختر شاہ مندوخیل، شہزاد شاہوانی، عین الدین کاکڑ، عبدالجبار خلجی اور دیگر رہنماؤں کی یقین دہانی پر احتجاج آج تک موخر کردیا۔
پیپلز وومن ونگ بلوچستان کی درجنوں عہدیداروں اور کارکنوں کا صوبائی سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا

ٹیگز:
پیپلز وومن ونگ
