لاہور(ڈیلی گرین گوادر) سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنے دورہ کراچی کے پہلے روز ادارہ نور حق میں ہماری منزل با اختیار عورت، محفوظ معاشرہ، خوشحال پاکستان کے عنوان سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ اسلامی نظام زندگی کو ہر شعبے میں جاری وساری ر کھنے والی عالم گیر اسلامی تحریک کا حصہ اور روح رواں ہے۔ ۲۰۲۳ء میں پاکستان میں صوبائی اور قومی انتخابات کے انعقاد کے اعلان پر مثبت اور منفی رویوں کے ماحول میں حسب روایت جماعت اسلامی نے احساس ذمہ داری سے اپنا عوامی منشور قوم کے سامنےپیش کیا ہے۔ اس منشور میں تعمیر و تشکیل پاکستان کا مکمل نقشہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ2024 میں شفاف الیکشن کا انعقاد ملک و قوم کی ضرورت ہے ملک میں انتخابی عمل کو دیانتداری کے ساتھ عوام کی امنگوں کے مطابق مکمل ہونا چاہیے۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی اپنے اسلامی، فلاحی، انقلابی منشور اور ملک گیر بھرپور انتخابی مہم کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔

ہم ملک کو بحرانوں سے نکال کر ان شاءاللہ اسلامی، خوشحال اور مستحکم پاکستان بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ مایوس کن منظر نامے میں ایوان میں بیٹھنے والوں نے کرپشن کی انتہا کر دی ہے، پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ 2 لاکھ 16 ہزار روپے کا مقروض ہے جبکہ 250 ارب ڈالرز کے قرضے سیاست دانوں کو معاف کر دیے گئے ہیں۔ بیوروکریسی 700 ارب کی کرپشن میں ملوث ہے ایسے میں 8 فروری 2024 ان عناصر کو مسترد کرنے اور جماعت اسلامی کی بے داغ کرپشن سے پاک قیادت پر اعتماد کا دن ہوگا۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے پاکستانی خواتین کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کا آئین مردوں کے ساتھ پاکستانی خواتین کو بھی برابری کا حق دیتا ہے۔خواتین کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں اہم ترین حیثیت رکھتی ہیں وہ ان نسلوں کی امین ہیں جنہوں نے ملک کو استحکام بخشنا ہے۔جماعت اسلامی پہلی دینی و سیاسی جماعت ہے جس نے 1998 میں خواتین کے حقوق کا چارٹر پیش کیا۔جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر عورت کو پیشہ ورانہ فنی مہارت کی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گی اور طالبات کو بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔عورت کی صحت ہمارے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔ جماعت اسلامی خواتین کو گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کا عہد رکھتی ہے۔جماعت اسلامی عورت کے حق وراثت کو مجروح کرنے والے تمام فرسودہ قوانین کوختم کرنے کا عزم رکھتی ہےاور اس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری روایات کی امین، کرپشن سے پاک دیانت دار قیادت رکھتی ہے ۔جماعت اسلامی کے پاس تعلیم، انصاف اور خدمت کے میدان میں ماہر و تجربہ کار افراد کی ٹیم موجود ہے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی عورت کے لیے محبت اور حفاظت سے بھرپور خاندان کی حیثیت رکھتی ہے ہم خواتین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس محفوظ خاندان میں شامل ہوں اور آئندہ انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیں۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹریز حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عطیہ نثار،ثمینہ سعید، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،طیبہ عاطف، ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب، ناظمہ اسماء سفیر، ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف بھی موجود تھیں.بعد ازاں سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے چینلز سے وابستہ صحافیات کو تحائف دئیے ۔

