کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئٹہ امن کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ جس میں مکتب اہل تشیع، اہل سنت، سکھ اور ہندؤں کے نمائندے شامل ہونگے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت منعقد ہونے والے بین المذہبی ہم آہنگی کے اجلاس میں مذکورہ کمیٹی کا قیام سامنے آیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی کوئٹہ جواد طارق، بلوچستان شیعہ کانفرنس سے قاسم حسینی، سول سوسائٹی سے میر اسلم رند، قاری ڈاکٹر عبدالرشید، قاری عبدالحفیظ، مولانا سمیع اللہ آغا اور اللہ بخش نے شرکت کی۔ جس میں مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر کوئٹہ شہر کے مختلف مسائل کے حوالے سے علماء کرام کی ایک اہم کمیٹی کی تشکیل ہوئی جسکا نام کوئٹہ امن کمیٹی رکھا گیا۔ اس کمیٹی میں تمام مذاہب اہل تشیع، اہل سنت، سکھ، ہندؤں کے نمائندے شامل ہونگے اور کوئٹہ شہر میں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے صف اول کا کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مذکورہ کمیٹی مذہبی پروگرامز کے حوالے سے شہر میں اہم اور فعال کردار ادا کرے۔ اسکے علاوہ ایک اور کمیٹی کی تشکیل ہوئی جسکا نام کوئٹہ مصالحتی کمیٹی ہوگا۔ جس میں مذہبی لوگوں کے علاوہ انجمن تاجران، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوئٹہ امن کمیٹی کا قیام

ٹیگز:
مذہبی ہم آہنگی
