کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے اور غریب عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و ترجمان سابق صدر آصف علی زرداری و ضلعی صدر حب میر علی حسن زہری نے کوئٹہ میں اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا کوئٹہ میں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ کے انعقاد بلوچستان کے عوام سے محبت اور بلوچستان کی اہمیت کا اظہار ہے۔ میر علی حسن زہری نے اپنے بیان میں کہا کہ آج یوم تاسیس کے موقع پر جیالوں اور بلوچستان کے عوام کا جوش و جذبہ قابل دید ہے اور آج کا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور کامیاب اجتماع ہونے کے ساتھ ساتھ عوامی امنگوں کا ترجمان بھی ثابت ہوگا۔عوامی اجتماع سے بلاول بھٹو زرداوری اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت سینئر رہنما خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری ہمارے رہنما اور نوجوان بلاول بھٹو زرداری ہمارے اگلے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔اس وقت ملک کو نئی سوچ اور وژن کی ضرورت ہے اور بلاول بھٹو زرداری عوام کی امیدوں کا محور بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت کی آبیاری اور آئین کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پارٹی چیئرمین نے یوم تاسیس کے لئے کوئٹہ کا انتخاب کر کے یہاں کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام مہمان نواز ہیں اور جس طرح کا جوش و جذبہ نظر آرہا ہے وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے عوام کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کونے کونے سے آئے مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے عوام اور جیالے ورکروں نے ثابت کر دیا کہ عوام پیپلز پارٹی سے محبت کرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ملکی معاشی و دیگر مسائل کا حل صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ آج کے جلسے کی کامیابی ہم سب کی یعنی پورے پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کے کوئٹہ کے دورے کے موقع پر بلوچستان سے بہت سی قدآور شخصیات پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں اور آئندہ انتخابات میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے ملک و قوم کی دیرپا ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
بلوچستان سے بہت سی قدآور شخصیات پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں، میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
