کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین افرادی قوت کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں پاکستان سے افرادی قوت کی برآمد کے لئے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جس میں پاکستان اوورسیز ایمپلاییمنٹ کارپوریشن نے اہم کردار ادا کیا ہے. افرادی قوت کی فراہمی کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادر نے کہا کہ مستقبل قریب میں سعودی عرب میں جاری ہونے والے عظیم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے سعودی عرب کو سکلڈ اور نان سکلڈ افرادی قوّت درکار ہے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان اس حوالے سے تفصیلی مذاکرات ہوئے جس کے نتیجے میں یہ طے پایا کہ پاکستان سعودی عرب کی تعمیر و ترقی کیلئے پاکستان سے افرادی قوّت فراہم کرے گا اس سلسلے میں فوری طور پر معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پہلے ہی لاکھوں پاکستانی تعمیر و ترقی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اگر یوں کہا جائے کہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں لاکھوں پاکستانیوں کی محنت شامل ہے تو یہ قطعاً بے جا نہ ہوگا دنیا بھر میں جہاں پاکستانی محنت سے پاکستان کا وقار بلند کر رہے ہیں وہیں اربوں ڈالر ماہانہ پاکستان بھجوا کر پاکستان میں مقیم اپنے لاکھوں خاندانوں کی کفالت کا سبب بھی بنتے ہیں. حکومت پاکستان کو چاہئے کہ ان اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دیں تاکہ انہیں اپنے وطن کی جانب سے عزت افزائی کا احساس ہو۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ یہ درست ہے کہ پاکستانی ہنرمند اور محنت کش دنیا بھر میں روزگار کما کر پاکستان میں مقیم اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں لیکن اگر ان پاکستانیوں کو پاکستان میں ہی باوقار روزگار کے مواقع میسر ہوں تو یہ کبھی بیرون ممالک روزگار کی تلاش میں سرگرداں نہ رہیں لاکھوں اعلی پاکستانی دماغوں کی صلاحیتوں سے دنیا استفادہ کر رہی ہے اگر حکومت ان اعلی اذہان کی قدر دانی کرے تو ان کی تمام تر صلاحیتوں کا فائدہ پاکستان کو ہو.
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین افرادی قوت کے معاہدے پر دستخط ہو گئے، سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
