کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ محکمہ شہری دفاع میں علاقے کے عوام کو نظراندازکرکے اپنے من پسند افراد کو بھرتی کرناکسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے،محکمہ شہری دفاع میں علاقے کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں تاکہ پڑھے لکھے نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ ہوسکے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ محکمہ شہری دفاع کا دفاتر بلوچی اسٹریٹ میں گذشتہ 25سے 30سال سے قائم ہے لیکن آج تک محکمہ شہری دفاع میں علاقے سے تعلق رکھنے والے کسی بھی نوجوان کو ملازمت فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ شہری دفاع میں پڑھے لکھے اور علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو نوکریاں میرٹ پر دینے کی بجائے من پسند افراد اوراپنے رشتہ داروں کو بھرتی کیا جارہا ہے جس کی بلوچستان امن جرگہ مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ شہری دفاع میں خالی پوسٹوں پر من پسند افراد کی تعیناتی کا نوٹس لیتے ہوئے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرے بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ علاقے کے عوام کے ساتھ ملکراحتجاج پر مجبور ہوگا جس کی تمام ترذمہ داری صوبائی حکومت اور محکمہ شہری دفاع کے افسران پرعائد ہوگی۔
پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں تاکہ پڑھے لکھے نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ ہوسکے، لالہ یوسف خلجی

ٹیگز:
لالہ یوسف خلجی
