اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ہسپتال پر بمباری کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ اس کا وجود دنیا کے لئے ایک سیکیورٹی رسک ہے۔ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات فلسطین کے سفارت خانے آمد کے موقع پر کہی۔ انہوں نے وہاں پر پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفارت کار احمد جواد امین ربیعی سے ملاقات کی اور غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اہلیان فلسطین کے لئے اظہار یکجہتی کا پیغام دیا۔ اس موقع پر فلسطینی سفارت کار احمد جواد امین ربیعی نے بلاول بھٹو کو فلسطینی مزاحمت کا علامتی رومال پہنایا۔ چیئرمین نے فلسطینی سفارت خانے کی گیسٹ بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی پی کی سینئر نائب صدر سینیٹر شیری رحمان اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان اس کٹھن وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے فلسطینی قیادت کے ساتھ مل کر پوری دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔ یاسر عرفات نے فلسطین کاز کے لئے جدوجہد کرنے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو گڑھی خدا بخش پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہے۔ اسرائیل نے ہسپتال پر بمباری کرکے یہ ثابت کردیا کہ اس کا وجود دنیا کے لئے ایک سیکیورٹی رسک ہے۔ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

